اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آئینی عدالت، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کے نام خط میں اپیل کی ہے کہ انہیں تاخیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے اور مناسب طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے بھجوائے گئے خط میں عمران خان نے کہا کہ وہ ججز صاحبان سے کوئی رعایت نہیں مانگ رہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب علاج کی سہولت چاہتے ہیں۔
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 10 نومبر کو ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ گیا تھا جبکہ ڈاکٹر نے دل کے دورے اور برین ہیمرج کے شدید خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ہارٹ اٹیک اور برین ہیمرج کے شدید خطرات لاحق ہیں ،فوری انصاف فراہم کیا جائے اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی، طبی معائنے اور اہل خانہ سے ملاقات کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹنا الگ ہونے کے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ انہیں دو سال سے زائد عرصے سے روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندیاں ہیں جبکہ کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال کے دوران وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی جبکہ ان کے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ طویل تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق ان کی اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دینے اور صحت و بنیادی حقوق کو نظر انداز کرنے کا مؤقف بھی اختیار کیا۔
خط کے اختتام پر عمران خان نے کہا کہ وہ کسی خصوصی رعایت کے طلبگار نہیں بلکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ بہت دیر ہونے سے پہلے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔











