وزیر داخلہ کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات، انتظامی یونٹس سے متعلق بات چیت

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی جس میں نئے صوبوں کے قیام, اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں امن و امان سے متعلق حکومتی اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام عوامی سہولت, بہتر طرز حکمرانی, انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے براہ راست جڑا ہے جبکہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں اور اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو کل معاف نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں