اسلام آباد:اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو پارلیمنٹ میں بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے جہاں اپوزیشن نے اکثریت کی حمایت سے نیا اسپیکر منتخب کرلیا جس کے بعد قانون سازی کے معاملات میں بھی اپوزیشن کا اثر بڑھ گیا ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ نے گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشار کے متان کہانا کو 66 ووٹوں سے اسپیکر منتخب کرلیا جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے امیدوار اوفیر کاٹز کو 52 ووٹ ملے۔ متان کہانا نے امیر اوہانا کی جگہ اسپیکر کا عہدہ سنبھالا ہے۔
27 اکتوبر کے انتخابات میں نیتن یاہو کا اتحاد پارلیمانی اکثریت کھو چکا ہے۔ 120 رکنی کنیسٹ میں دائیں بازو اور مذہبی جماعتوں کے اتحاد کو 53 نشستیں حاصل ہیں جبکہ اپوزیشن 67 نشستوں کے ساتھ اکثریت میں ہے۔
اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو صدر اسحاق ہرزوگ نے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اسپیکر اور اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے عہدے حاصل کرنے کے بعد اپوزیشن نے قانون سازی اور حکومتی فیصلوں کی نگرانی میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔
اپوزیشن نے سابقہ حکومت کی عدالتی اصلاحات ختم کرنے اور اٹارنی جنرل کے اختیارات محدود کرنے والے قوانین واپس لینے سمیت میڈیا پر حکومتی کنٹرول بڑھانے سے متعلق قانون سازی منسوخ کرنے کی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔ اس کے علاوہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے متعلق سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے سرکاری کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے اسپیکر کے انتخاب کو کنیسٹ کی تاریخ کا افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ متان کہانا کو دہشت گردوں کے حامی ارکان کی حمایت سے منتخب کرایا گیا ہے۔











