راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات, دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مشترکہ مفادات کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن, استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملائیشین وزیراعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات, باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہتے ہوئے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں, عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور بری فوج, شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان موجود تھے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات کی جس میں دفاعی شراکت داری میں توسیع, دونوں ممالک کی افواج کے درمیان براہ راست روابط اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر بھی جائیں گے جہاں خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔











