اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری بند کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے جبکہ ملک معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی اور سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں ملی ہیں اور حکومت ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیتی رہی ہے۔
شہباز شریف نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں اور باہمی معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور عوامی خدمت سے توجہ ہٹتی ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی مثبت بات چیت اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔










