بابر اعظم

بابر اعظم کا استعفیٰ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا موقف بھی سامنے آ گیا

بابر اعظم کا استعفیٰ آنے کے بعد چیئرمین محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کو کپتان کا انتخاب کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
علاوہ ازیں چیئرمین محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے فیصلے پر اپنے موقف کا بھی کھل کر اظہار کیا ہے۔

حالیہ میڈیا بریفنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ناراض بابر اعظم کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور بیٹر قومی ٹیم کیلئے بہت زیادہ اہم ہیں، ہمیں ان کی بطور بیٹر خدمات کی اشد ضرورت ہے۔

قبل ازیں رواں ماہ 2اکتوبر کو وائٹ بال فارمیٹ کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دیتے ہوئے اس کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ کپتانی چھوڑنے کے بعد بطور کھلاڑی ٹیم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے اور ذمہ داری پوری کرنے کیلئے تیار ہیں، اس کے ساتھ ہی اپنی پرفارمنس پر بھی بھرپور توجہ دینا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کو اپنے اس فیصلے سے مطلع کر دیا تھا، پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات رہی ہے لیکن اب وقت آ گیا کہ میں کپتانی سے دستبردار ہو کر اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کی خدمت کروں۔

یاد رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب بابر اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، اس سے قبل بھارت میں شیڈول آئی سی سی مینز ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی پر بھی انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ان کی جگہ ٹیسٹ ٹیم میں شان مسعود جبکہ ٹی20 ٹیم میں شاہین آفریدی کو ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ تاہم ایک سیریز میں ہی شکست کے بعد شاہین آفریدی سے کپتانی لے کر بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنا دیا گیا تھا جس پر ٹیم میں اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئیں تھی۔
بعد ازاں ایک بار پھر ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد ابتدائی رائونڈ سے ہی باہر ہونے پر ٹیم کا کپتان دوبارہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں