ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے ریکارڈز کے انبار لگا دیئے جبکہ پاکستان کے خلاف 800 سکور کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی.
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے جس میں انگلینڈ کی طرف سے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا گیا۔ انگلینڈ نے 20سال قبل بھارت کی طرف سے بنایا گیا 675 رنز کا ریکارڑ بھی توڑ دیا، اس ریکارڈ میں بھارت نے 2004 کے دوران ملتان ٹیسٹ میں ہی 5 وکٹ پر 675 رنز سکور کئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی طویل تاریخ میں صرف چوتھی بار اننگز میں 800 سے زائد رنز بنائے گئے ہیں، اننگز میں 800 سے زائد رنز بنانے کا اس سے قبل آخری کارنامہ سری لنکا نے انجام دیا تھا، سری لنکا نے 1997 میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا کے خلاف 952 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ نے 1938 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلیا کے خلاف 903 اور 1930 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 849 رنز بنائے تھے، تاریخ میں اب تک800 سے زائد کے چار ٹوٹل بنے ہیں جن میں سے تین انگلینڈ کی طر ف سے بنائے گئے ہیں۔
اس سے قبل 1958 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 790 بنائے تھے۔
پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ
دوسری جانب ملتان ٹیسٹ میچ کے دوران انگلش بلے بازوں جو روٹ اور ہیری بروک نے انگلینڈ کی پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا، جو روٹ اور ہیری بروک نے 454 رنز بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 411 رنز کی شراکت بنا رکھی تھی، پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 1957 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شراکت داری کا یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت 624 رنز کی قائم ہوئی تھی جو مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا نے 2006 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بنائی تھی۔