پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کی احتجاج ملتوی کرنے کے لئے مشروط پیش کش

پی ٹی آئی نے 15اکتوبر کو کیا جانے والا احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات پر مشروط کر دیا۔
احتجاج کے حولے سے گزشتہ رات ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جس کی صدارت تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14اکتوبر تک عمران خان سے ملاقات کروانے کی صورت میں 15اکتوبر کو احتجاج کرنے کا فیصلہ ملتوی کر دیں گے، کور کمیٹی کے مطابق سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق پریشانی لاحق ہے۔ ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ اگر بانی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج ضرور کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران پارٹی کے بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی تاہم شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی۔ اجلاس کے دوران پارٹی قیادت اور سینئر رہنماوں کی طرف سے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

کور کمیٹی کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ارکان کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر لگائی جانے والی پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے، جسے ہم کسی بھی صورت قبول کرنے کے لئے تیار نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں