وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، ولی عہد سے ملاقات
دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف جمعرات 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے، اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر بات چیت ہو گی.
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں،
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت بھی کریں گے،
کابینہ کے اہم ارکان بھی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کیلئے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے
اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر مصروف عمل ہے۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلی سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت بھی ہو گی۔
دونوں فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے
اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے۔
وزیر اعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماوں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد جمعرات 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے،
انہیں اس دورے کی دعوت قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی نے دی ہے۔
وزیراعظم دوحہ میں پاکستانی نوادرات، فنون اور ثقافت کے حوالے سے نمائش کا افتتاح کرینگے۔