سکھر کے رہائشی ویٹ لفٹر نوجوان نے ورلڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 2 گولڈ اور ایک سلور میڈیل جیت کر پاکستان کو سرخرو کر دیا۔
یونائیٹڈ ورلڈ سپورٹس اینڈ فٹنس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ورلڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میںسکھر کے رہائشی نوجوان ویٹ لفٹر یوسف اعوان نے اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان پاکستانی ویٹ لفٹر یوسف اعوان نے اپنی مدد آپ کے تحت تھائی لینڈ میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ 2024 حصہ لیا اور مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں دو گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
سکھر کے رہائشی نوجوان ویٹ لفٹر یوسف اعوان نے 2021 میں باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں مسٹر سندھ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اس کے بعد یوسف اعوان نے سائوتھ ایشیا چمپئن شپ میں حصہ لیا اور باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں تیسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی اور اب ورلڈ چیمپئن شپ میں بھی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے بڑا کارنامہ سر انجام دے دیا۔
باڈی بلڈر یوسف اعوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں شرکت کے سلسلے میں تیاری کے دوران مالی مشکلات پیش آئیں تو اس وقت ترجمان حکومت سندھ و میئر سکھر ارسلان شیخ نے بھرپور تعاون کیا ۔
انہوں نے وفاقی و سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کی بھرپور معاونت کی جائے تو وہ مزید مقابلوں میں شرکت کر کے کامیابیاں سمیٹ کر پاکستان کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔