پاکستان میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کی مختلف بڑے شہروں میں موجودگی کی اطلاعات ہیں، نیکٹا کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف
تحریک انصاف کی طرف سے ہونے والے احتجاج کے پیش نظر نیکٹا کا تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے دوران کسی بھی بڑے شہر میں دہشت گردی کر سکتے ہیں۔
الرٹ کے مطابق دہشت گرد پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں، 19 اور 20 نومبر کی درمیانی رات فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے پاک افغان بارڈر پار کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ان اطلاعات کے مطابق پاکستان میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کی مختلف بڑے شہروں میں موجودگی کی اطلاعات بھی ہیں جو کہ وہاں کسی بھی وقت دہشت گردی کی کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کے مطابق نیکٹا نے خطرے کے پیش نظر اقدامات کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جیز ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
نیکٹا کی طرف سے جاری کئے جانے والے تھریٹ الرٹ سے سامنے آنے والے دہشت گردی کی کارروائیوں کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔