پاک زمبابوے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 10وکٹوں سے کامیابی سمیٹی، زمبابوے کی ٹیم صرف 145رنز بنا سکی تھی۔
پاکستانی بیٹر صائم ایوب کی تیز رفتار سینچری کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، گرین شرٹس کے خلاف 32.3 اوورز میں زمبابوے کی پوری ٹیم آل آئوٹ ہو گئی تھی۔
پاک زمبابوے سیریز کے سلسلے میں بلاوائیو میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے 146 رنز کا ہدف 18.1اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کیا، اس میچ میں صائم ایوب نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 113رنز بنائے اور شاہد آفریدی کے بعد تیز ترین سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بھی بن گئے جبکہ عبداللہ شفیق 32 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ واپس لوٹے۔
اس سے قبل میچ میں زمبابوے کی پوری ٹیم محض بیٹنگ کرتے ہوئے 32.3 اوورز میں 145 بنا کر آئو ٹ ہو گئی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر جویلورڈ گمبی 5 جبکہ تادیوانشے مارومانی 4 رنز بناکر آئوٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ کیلئے 38 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ایروائن 18 بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد کوئی بھی زمبابوے بیٹر پاکستانی بالرز کا سامنا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور سکندر رضا 17، شان ولیمز 31، برائن بینیٹ 14، بلیسنگ مزاربانی 11، برینڈن ماوتا 3 اور رچرڈ نگروا 2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
بائولنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 جبکہ آغا سلمان نے 3 اور صائم ایوب، فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل زمبابوے کے کپتان کریگ ایروائن کا کہنا تھا کہ میچ میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کیخلاف پہلی بار سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں فتح حاصل کر کے کامیابی یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی طرف سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، اسپنر ابرار احمد اور طیب طاہر کا ڈیبیو ہوا جبکہ محمد حسنین اور حسیب اللہ کو ڈراپ کیا گیا تھا۔