سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ 2 کیس میں فرد جرم عائد کی۔
جج سپیشل عدالت شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس کے بعد کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ اس موقع پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی، نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل کر دیا تھا، ستمبر 2024 میں ایف آئی اے نے ضروری تحقیقاتی کارروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔
کیس کی گزشتہ سماعت 5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔
سپیشل عدالت نے گزشتہ سماعت پر ہی ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آج توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے نمٹا دی تھی۔