کشتی تیونس کے شہر صفاقس کے ساحل کے قریب المناک حادثے کا شکار ہوئی جو کہ افریقی تارکین وطن کی روانگی کا مقام ہے۔
تیونس میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے نتیجہ میں 20 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ اس المناک حادثے کے نتیجہ میں متعدد افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کشتی تیونس کے شہر صفاقس کے ساحل کے قریب المناک حادثے کا شکار ہوئی ہے جو کہ افریقی تارکین وطن کی روانگی کا مقام ہے، کشتی کے اس حادثے میں متعدد افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کی تلاش کا کام ابھی تک جاری ہے۔
اس سلسلے میں تیونس کے کوسٹ گارڈ حکام کا کہنا ہے کہ کشتی کے اس المناک حادثے کے بعد ریسکیو کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کے نتیجہ میں افریقا سے تعلق رکھنے والے 20 افراد کی لاشیں سمندر سے برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ 5 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
کشتی میں سوار دیگر ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام ابھی تک جاری ہے، یاد رہے کہ تیونس کے ساحل کے قریب ایک ہفتے کے اندر کشتی کے ڈوبنے کا یہ دوسرا واقعہ رونما ہوا ہے۔ اس سے پہلے ہونے والے حادثے میں بھی متعدد افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔