پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹس کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے تاریخی شہر گوادر کو مل گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پی ایس ایل 10 کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا، اس سلسلے میں ایک اہم تقریب 11 جنوری 2025 بروز ہفتہ منعقد کی جائے گی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گوادر اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کر کے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو دنیا بھر میں مزید اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں کیونکہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز کی طرف ایک اہم قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجھے گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر اعلان کرنے پر بہت فخر محسوس ہو رہا ہے، یہ اقدام پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونے کونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔
تاہم پی سی بی کی اس پریس ریلیز میں تقریب کے وقت آغاز اور مقام کے بارے میں کوئی آگاہی نہیں دی گئی۔ دوسری جانب اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کر دیا جائے گا۔