حالیہ تحقیق کے مطابق فی الحال اس وائرس کے انسانوں میں منتقلی کے شواہد نہیں ملے ہیں لیکن اس سے آئندہ عالمی وباء پھیلنے کا خطرہ موجود ہے۔
اسپین میں ماہرین کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ عالمی وباء کا آغاز امریکا سے ہو سکتا ہے۔ لا وینگارڈیا کے مطابق وبائی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ایچ 5 این 1 برڈ فلو مسلسل تبدیل ہو رہا ہے اور امریکا میں پھیل رہا ہے، یہ مستقبل میں ایک نئی عالمی وباء کا سبب بننے کا خطرہ ہے۔
ماہرین کے مطابق برڈ فلو کے نام سے جانی جانے والی یہ بیماری ایک وائرل انفیکشن ہے جو پرندوں، گائے اور دیگر جانوروں میں پھیلتی ہے، فی الحال اگرچہ اس کے انسان سے انسان میں منتقلی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وائرس کی جنگلی حیات سے پالتو جانوروں میں منتقلی انسان کے متاثر ہونے کے خطرے کو واضح کرتی ہے جو کہ ممکنہ طور پر نئی تبدیلوں کے سبب پیش آ سکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس نئی وباء کے امریکا سے پھیلنے کے امکانات کافی زیادہ ہیں تاہم ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس خطے کے حوالے سے معلومات تک رسائی سے وہ مطمئن ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ژواں ریمن جیمینیز یونیورسٹی ہاسپٹل کے ایک شعبے کے سربراہ فران فرانکو کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر امریکا میں کچھ ہوتا ہے تو وہ فورا سب کے علم میں آ جائے گا۔