9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر 31 جنوری تک غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے، حامد رضا
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزدہ حامد رضا نے کہا کہ دوسرا فریق اگلی میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تیاری کر کے آئے۔
ایک ایسا غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جو ذمہ داران کا تعین کر سکے، اس کمیشن میں ہم اپنی مرضی کا جج نہیں چاہ رہے بلکہ سپریم کورٹ کے موسٹ سینئر ججز کی بات کر رہے جو ان دونوں واقعات کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین بھی کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے تیسرے راونڈ کیلئے تیار ہیں جس کیلئے دوسرا فریق کمیشن کے قیام سے متعلق ورکنگ کر کے آئے، اتنے دن گرنے کے باوجود ابھی مذاکرات کے اندر کسی قسم کی کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔
کمیشن کا قیام اور اسیران کی رہائی ہمارے پہلے دو مطالبات ہیں۔ یہ دونوں مطالبات ہم تحریری شکل میں فراہم کر دیں گے، تیسری میٹنگ میں پریکٹیکل اقدامات کرنا ہوں گے، مذاکراتی کمیٹی سربراہ عمر ایوب کو بانی نے مکمل اختیار دیا ہے، چارٹر آف ڈیمانڈ پر ان کے دستخط ہوں گے بانی کے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی کسی ایگزیکٹو آرڈر نہیں قانونی طریقے سے باہر آئیں گے، 190ملین پانڈ ریفرنس کا فیصلہ ملک کی نیک نامی کا سبب نہیں بنے گا،
اس ریفرنس میں عمران خان ان کی اہلیہ سمیت فیملی کا کوئی ممبر بینیفشری نہیں، 190ملین پانڈ ریفرنس کے فیصلہ کے بعد مذاکراتی عمل میں ہمارے رویوں میں تلخی آئے گی۔
یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کے سلسلے میں دو میٹنگز ہو چکی ہیں جن کے بعد سے مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے.