امریکی فضائی حادثے

امریکی فضائی حادثے میں ایک پاکستانی خاتون بھی جاں بحق؛ شوہر سے آخری بات کیا کہی ؟

فضائی سفر سے گھبرانے والی پاکستانی خاتون نے امریکی فضائی حادثے سے چند منٹ قبل اپنے شوہر حماد رضا کو میسج کیا تھا۔

امریکا میں فوجی ہیلی کاپٹر کے مسافر بردار طیارے سے ٹکرانے کے نتیجے میں تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک پاکستانی خاتون بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی خاتون کی شناخت اسری رضا حسین کے نام سے ہوئی، جن کو فضائی سفر سے گھبراہٹ ہوتی تھی۔

اسری کے شوہر حماد رضا ریگن ایئر پورٹ پر اپنی اہلیہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے کہ ایئر پورٹ پر اچانک ہونے والی افراتفری سے ہر طرف بے چینی پھیل گئی۔

ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینسوں کی آمد و رفت سے وہاں موجود افراد کی پریشانی بڑھتی جا رہی تھی۔ حماد رضا کے بقول بار بار پوچھے جانے پر جب ایئر پورٹ انتظامیہ نے طیارہ حادثے سے متعلق بتایا تو میرے پائوں تلے زمین نکل گئی۔

حماد رضا کا میڈیا کو مزید بتانا تھا کہ ان اہلیہ نے طیارے کی لینڈنگ سے 15 یا 20 منٹ قبل ہی میسیج کیا تھا کہ ہم ایئر پورٹ پر اترنے والے ہیں۔ اسری حسین واشنگٹن سے ڈومیسٹک پرواز کے ذریعے کینساس کسی کام سے گئی تھیں اور واپس لوٹ رہی تھیں کہ حادثے کا شکار ہو گئیں۔

اسری کے شوہر حامد رضا نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ہوائی جہاز کے سفر سے گھبراتی تھیں اور کوشش کرتی تھیں کہ فضائی سفر نہ کریں۔ میڈیا رپوٹ کے مطابق 26 سالہ اسری حسین اور 25 سالہ حماد رضا کی شادی 2 برس قبل ہی ہوئی تھی، دونوں نے انڈیانا یونی ورسٹی سے گریجویشن کیا تھا۔

حماد رضا کے والد ڈاکٹر ہاشم رضا کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ میزوری کے بیپٹیسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں