اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں اور پی ٹی آئی تمام حدود پار کرچکی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو قانونی دائرے میں لانے سے گریز کیا جا رہا ہے اور ان گاڑیوں کے دہشت گردی میں استعمال ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو انسداد دہشت گردی کے لیے مختص وسائل کے استعمال کی تفصیلات دینی چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کو وسائل فراہم کرنے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔











