اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورت حال کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں نے دہشت گرد عناصر کو مضبوط ہونے کا موقع دیا اور انہیں صوبے کی آبادیوں میں آباد کیا گیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کو کالعدم ٹی ٹی پی کی معاون جماعت قرار دیتے ہوئے صوبے میں بڑھتی دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مؤثر بنانے اور پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے سمیت انسداد دہشت گردی کے ضروری اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔ ان کے بقول فرانزک لیبارٹری کی سہولت فراہم کرنے پر بھی مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔
عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ طالبان کا خواتین سے متعلق نظریہ خیبرپختونخوا پر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ترجیحات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی ترقی کے بجائے تخریبی سرگرمیوں سے متعلق اجلاسوں پر وقت صرف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت کو صوبے کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام غربت اور دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ لکی مروت سے صوابی تک آئی ٹی پارکس کیوں نہیں بنائے گئے۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور مستحق افراد کو پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی گئی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت پر بھی تنقید کی۔











