بری امام ہاؤس سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ جاری

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کو ڈی سیل کرنے کے حکم امتناع کے خلاف سی ڈی اے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست گزار کو ملکیت کے دستاویزات 5 روز میں سی ڈی اے کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ایاز شوکت نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں ہدایت کی کہ سی ڈی اے ملکیت کے دستاویزات موصول ہونے کے بعد تحریری وجوہات کے ساتھ فیصلہ کرے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار ملکیت کے کاغذات پیش نہ کر سکے تو سی ڈی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل جائیداد کا مالک نہیں بلکہ دربار کا نگراں ہے اور یہ جگہ دربار کی ملکیت ہے۔ وکیل نے کہا کہ متعلقہ دستاویزات سی ڈی اے کے پاس موجود ہیں۔

عدالت نے دستاویزات پیش نہ کرنے پر سوالات اٹھائے جبکہ سی ڈی اے کے وکیل کاشف علی ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ بری امام ہاؤس پر سی ڈی اے کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو مبینہ طور پر قبضے کی جگہ قرار دیتے ہوئے عمارت کو ڈی سیل کرنے کے حکم امتناع کے خاتمے کی استدعا کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں