اسلام آباد: وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو ہتک عزت کے قانونی نوٹس بھجوا دیے۔
چوہدری سالک حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ قانونی نوٹس کا باضابطہ جواب جمع کرا دیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی کوششیں انہیں خاموش نہیں کر سکتیں اور نہ ہی عوامی مفاد کے مسائل پر آواز اٹھانے سے روک سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بدستور بدانتظامی اور بدعنوانی کے مسائل سے دوچار ہے جن پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ہتک عزت کے دو قانونی نوٹس بھجوائے ہیں جن میں سے ایک مریم نواز اور دوسرا عظمیٰ زاہد بخاری کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کے مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم برقرار ہے۔











