فضل الرحمان کا مذاکرات پر زور، شہباز شریف سے جلد رابطے کا امکان

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان آئندہ دنوں میں رابطے کا امکان ہے جبکہ سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔

حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں پیدا ہونے والے ڈیڈلاک سے آگاہ کیا۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے حکومت کو گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے اقدامات سے گریز کا مشورہ دیا۔

دوسری جانب محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے حکومت سے مذاکرات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فونک رابطے میں مذاکرات اور آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق آئندہ حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں