وزیراعظم وعدہ پورا کریں ورنہ ملتان سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کردیں گے، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ فیول ریلیف پیکیج مستقل حل نہیں بلکہ اصل ریلیف پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا خاتمہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وعدہ پورا نہ کیا تو جماعت اسلامی دوبارہ ملتان سے لانگ مارچ شروع کرے گی۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم کی یقین دہانی پر لانگ مارچ مؤخر کیا گیا تھا اور حکومت کو 7 اکتوبر تک وعدہ پورا کرنے کا وقت دیا ہے۔ اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جس فیول ریلیف پیکیج کو بڑا ریلیف قرار دے رہی ہے وہ صرف 20 سے 25 فیصد لوگوں تک پہنچ رہا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے کوئی مؤثر ریلیف نہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے ایک دن کے لیے بھی دستبردار نہیں ہوئی۔ حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی اور مطالبات منظور نہ ہوئے تو کسی بھی وقت ملتان سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور احتجاج ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے۔ حکومت کو پرامن احتجاج سے نہیں روکنا چاہیے اور مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خواتین اور بزرگ قیدیوں کی رہائی اور پارٹی لیڈر تک اسپتال کی رسائی کے مطالبے کو بھی جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ گورنر راج مسئلے کا حل نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں