اسلام آباد۔سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہوگیا۔ ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے 42 پروازیں منسوخ جبکہ 68 پروازیں 2 سے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 13 پروازیں منسوخ اور 12 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کراچی ایئرپورٹ سے 10 پروازیں منسوخ جبکہ 13 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 9 پروازیں منسوخ اور 8 تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے بھی 7 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سعودی عرب جانے والی پروازوں کی منسوخی سے عمرہ زائرین کو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے مختلف ایئرپورٹس پر سیکیورٹی وجوہات کے باعث پروازیں منسوخ ہونے سے پاکستانی مسافروں کے سفری شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔











