لانگ مارچ کے خلاف تاجروں کا پشاور میں احتجاج، پختونخوا حکومت مردہ باد کے نعرے

پشاور:پی ٹی آئی لانگ مارچ کے خلاف پشاور کے اسمبلی چوک میں تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا دیے اور خیبر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مختلف تاجر وفود کے علاوہ اقلیتی افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاج میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ صوبے میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کو مشکلات میں چھوڑ دیا ہے۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی کے منصب سنبھالنے کے بعد صوبہ مزید مشکلات کی طرف بڑھ رہا ہے۔

تاجروں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اپنے لانگ مارچ میں مصروف ہیں جبکہ گرفتار کارکنوں کی بھی کوئی خبر نہیں لی جا رہی۔ راستے بند ہونے سے تاجر برادری کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے جبکہ پنجاب کے ساتھ اربوں روپے کی تجارت بھی متاثر ہوئی ہے۔

تاجروں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مسائل حل نہ کیے تو صوبہ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں