لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سستے آٹے اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا جبکہ 10 ارب روپے کی سبسڈی کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس میں آٹے کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلور ملوں کو فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فلور ملوں کو سرکاری گندم 3800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سستے آٹے کی دستیابی اور ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کیلئے تکلیف دہ ہے اور شہریوں کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











