اسرائیل کے شہر تل ابیب سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی پرواز کو بم کی اطلاع ملنے پر بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں اقوام متحدہ میں تقریر کے لیے جانے والے نوجوانوں کا ایک وفد بھی سوار تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوران پرواز عملے کو طیارے میں بم یا مشکوک شے کی موجودگی سے متعلق نامعلوم اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد ہنگامی حفاظتی اقدامات شروع کردیے گئے۔
اطلاع ملنے کے وقت طیارہ تقریباً 36 ہزار فٹ کی بلندی پر بلغاریہ کی سرحد کے قریب پرواز کررہا تھا۔ خدشے کے پیش نظر پائلٹ نے طیارے کا رخ صوفیہ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا جہاں ہنگامی لینڈنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جہاز کو گھیرے میں لے لیا۔
حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا اور جہاز سمیت مسافروں کے سامان اور دیگر متعلقہ حصوں کی مکمل تلاشی لی۔











