تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے تازہ میزائل حملوں میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی میزائل حملوں میں جنوب مغربی صوبے خوزستان کے 3 مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
ایرانی ہلال احمر کے مطابق جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک شادی کی تقریب بھی امریکی حملے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں ملک کے دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم مجموعی جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی۔











