اسلام آباد:ملک بھر کے منتخب اضلاع میں آج سے ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران 115 اضلاع میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے۔ پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 1 کروڑ 6 لاکھ جبکہ سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 73 لاکھ اور بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔











