اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان ملاقات آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں لانگ مارچ سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر گفتگو ہوگی۔ بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اور مزید گرفتاریوں سے متعلق پارٹی ارکان کے تحفظات بھی اسپیکر کے سامنے رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر اور ایاز صادق کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فون پر بھی رابطہ ہوا تھا۔ تاہم بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسپیکر سے گزشتہ روز رابطہ ہوچکا ہے اور آج ملاقات کا امکان نہیں کیونکہ وہ مصروف ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ سیاسی فیصلہ ہے اور اٹل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ پرامن ہوگا اور کسی پر چڑھائی نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ہی رہیں گے جبکہ شوکت یوسفزئی کی جانب سے بھیجے گئے خط کو ان کی رائے قرار دیا۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی میں مختلف آرا سامنے آتی رہتی ہیں اور شوکت یوسفزئی اب بھی پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔











