راولپنڈی: پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔
30 سالہ پاکستانی بیٹر نے سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز اسکور کیے اور بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 2026 میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔
صاحبزادہ فرحان نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز بنائے جبکہ دوسرے میچ میں 44 گیندوں پر 73 رنز اور تیسرے میچ میں 47 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کی شاندار کارکردگی کے باوجود پاکستان کو آخری میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاکستانی ٹیم نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
بہترین کھیل پیش کرنے پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ وہ اپنی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز بنا چکے ہیں جن میں 2 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔











