اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مشکل حالات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے جذبے کو سراہا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم نے کلاس رومز، سائنس، آئی ٹی و روبوٹکس لیبارٹریز، ای لائبریری اور آرٹ روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسکول میں زیرتعلیم بچوں اور بچیوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت بھرے انداز میں گفتگو کی۔ طلبہ نے وزیراعظم کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش اسکول اسلام آباد 30 ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے جہاں طلبہ اور طالبات کے لیے الگ الگ تعلیمی بلاکس بنائے گئے ہیں۔ ہر بلاک میں 24 کلاس رومز کے علاوہ آئی ٹی، سائنس اور روبوٹکس لیبارٹریز بھی قائم کی گئی ہیں۔
اسکول میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ہے اور ہر کلاس میں 120 طلبہ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے 360 باصلاحیت بچوں کو سو فیصد میرٹ پر داخلہ دیا گیا ہے جبکہ تدریسی امور کے لیے 38 اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں۔ طلبہ کی ضروریات کے مطابق تدریسی عملے میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔











