پشاور۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ عسکری قیادت، گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی و صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور جوانوں و افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی پولیس، سیف سٹیز اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا۔
اجلاس میں سیکیورٹی کے ساتھ ترقیاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے اہلخانہ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔
یہ دورہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورہ پشاور ہے۔











