’’دل کررہا ہے خودکشی کرلوں‘‘، سیالکوٹ واقعے کے بعد مسٹر پتلو کا پہلا ویڈیو بیان وائرل

سیالکوٹ:شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے واقعے کے بعد ٹک ٹاکر انصر محمود المعروف مسٹر پتلو نے پہلی بار تفصیلی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مسٹر پتلو نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے وقت وہ اسپتال میں زیر علاج تھے اور کمر کی شدید تکلیف کے باعث چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

انصر محمود کے مطابق شادی کی تقریبات پانچ، چھ اور سات تاریخ کو طے تھیں۔ انہوں نے ایک تقریب عوام کے لیے مختص کی تھی جس کا مقصد ضرورت مند افراد کی مدد اور مستحق خاندانوں میں راشن اور تحائف تقسیم کرنا تھا۔

ان کا دعویٰ ہے کہ تقریب سے 10 سے 15 روز قبل انہوں نے لوگوں کو نظم و ضبط برقرار رکھنے اور دھکم پیل سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ ان کے مطابق ایونٹ کے لیے باقاعدہ این او سی حاصل کیا گیا تھا۔

مسٹر پتلو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ انہیں واقعے کا ذمہ دار ٹھہرانے سے پہلے تمام شواہد کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت بہتر ہونے پر خود پیش ہوجائیں گے۔

ویڈیو بیان میں انہوں نے شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے خودکشی کے خیالات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اگر ان کی مزید کوئی ویڈیو سامنے نہ آئے تو اسے آخری پیغام سمجھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں