طلاق کے کاغذات پر دستخط کرنے سے چند لمحے قبل شوہر کی جذباتی درخواست پر خاتون کے فیصلے میں اچانک تبدیلی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک خاتون شوہر سے علیحدگی کے لیے طلاق کے کاغذات پر دستخط کرنے والی تھیں کہ شوہر نے انہیں آخری بار رشتہ بچانے کی درخواست کی۔
شوہر نے مبینہ طور پر بیوی سے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کریں اور ان کے رشتے کو ایک اور موقع دیں۔
اس درخواست کے بعد خاتون کچھ لمحوں کے لیے رکیں اور پھر اچانک قلم چھوڑ کر شوہر کی جانب دوڑیں اور انہیں گلے لگا لیا۔ ویڈیو میں طلاق کے کاغذات میز پر موجود دکھائی دیتے ہیں جبکہ خاتون شوہر کو گلے لگانے کے بعد جذباتی نظر آتی ہیں۔
یہ ویڈیو مبینہ طور پر بنگلہ دیش کی ہے تاہم جوڑے کی شناخت اور علیحدگی کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ طلاق کا قانونی عمل باضابطہ طور پر روک دیا گیا ہے یا نہیں۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل ظاہر کیے۔ بعض نے اس لمحے کو محبت اور رشتے کو ایک اور موقع دینے کی مثال قرار دیا جبکہ دیگر نے ازدواجی تعلقات کی پیچیدگیوں اور اختلافات پر تبصرے کیے۔











