لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایک وزیر روز ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے لیکن جس دن انہوں نے اس وزیر کو جواب دیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ ڈھائی سال سے مذکورہ وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کاروباری شخصیات پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے معزز شہری ہیں اور وفاقی و مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدیدار رہ چکے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ کاروباری شخصیات پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شامل ہیں۔ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں پارٹی فنڈ کے نام پر ان سے اربوں روپے کیوں لیے جاتے ہیں؟











