کراچی:وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو رانا ثناء اللہ سے متعلق ریمارکس پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی کو دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی اور دھمکی آمیز زبان سیاسی رویہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے صوبوں سے متعلق معاملات جس انداز میں نمٹائے اس پر پارٹی میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
وزیر دفاع نے پیپلز پارٹی کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم زبردستی منظور کرانے کے تاثر کو سیاسی بددیانتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کا سب سے بڑا فائدہ صدر آصف علی زرداری کو تاحیات استثنیٰ کی صورت میں ملا ہے۔











