آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دور میں پاکستان, بھارت اور جنوبی افریقا سمیت کئی ٹیمیں گیند کی حالت خراب کرنے کے عمل میں ملوث تھیں۔
پوڈکاسٹ پروگرام ’دی گریڈ کرکٹر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم میں بھی بال ٹیمپرنگ معمول بن چکی تھی اور کھلاڑی اس معاملے پر زیادہ حساس نہیں رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے والے تھے تو انہوں نے انہیں روکنے کے بجائے صرف احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ بارش کے دوران گیند کا غیر معمولی سوئنگ امپائرز کی توجہ حاصل کرسکتا تھا۔
خواجہ نے اپنی کتاب ’صبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے بھی بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی ریورس سوئنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بیٹنگ کرنا انتہائی مشکل ہوتا تھا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچوں میں بھی انہوں نے گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوتے دیکھی تھی تاہم انہوں نے ان دعوؤں کے حق میں کوئی ٹھوس تفصیلات پیش نہیں کیں۔
خواجہ کے مطابق اس دور میں استعمال ہونے والی پرانی کوکابورا گیندوں پر ایک ہی تہہ ہوتی تھی جس کے باعث گیند جلد خراب ہوجاتی اور ریورس سوئنگ حاصل کرنا آسان ہوتا تھا۔
واضح رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ, ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔











