اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم سمیت عمران خان کی سیاسی قید پر بھی عوامی رائے لی جائے۔
ملتان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو نئے چارٹر آف ڈیموکریسی کی ضرورت ہے اور سیاست دانوں کو عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں صوبوں کے معاملے پر ایک ہی مؤقف رکھتی ہے اور دونوں اسمبلیوں کی قراردادوں کی حمایت کرتی ہے۔ وہ پنجاب کی تقسیم کے حق میں نہیں جبکہ سندھ اسمبلی بھی صوبے کی تقسیم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کرچکی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم مزید تنازع پیدا کرسکتا ہے تاہم اگر اس معاملے پر ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم اور عمران خان کی سیاسی قید پر بھی ریفرنڈم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل جمہوری طریقے سے نکالا جائے اور سیاسی نظام کو ری سیٹ کیا جائے۔ نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود بے روزگار ہیں جبکہ عام آدمی کی معاشی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔
پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ انتخابی نظام پر سیاسی جماعتوں کا اعتماد بحال کیے بغیر انتخابات اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے۔ تمام اہم فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں اور پارلیمان کو فعال بنایا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بعد ملنے والی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق تھیں اور انہیں ملنی چاہیے تھیں۔ کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے سندھ حکومت نے بہت محنت کی ہے جبکہ صوبے کے حق میں ریلی سے امن و امان خراب ہونے کا خدشہ ہے جس کا حل سیاسی مکالمے اور جمہوری طریقے سے نکالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات ہوں تو پورے پنجاب میں پیپلزپارٹی نظر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مفاہمت کے لیے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنا چاہتے ہیں اور خون ریزی کی دھمکی کبھی نہیں دی کیونکہ وہ ملک سے لینے نہیں بلکہ ملک کو دینے والے لوگ ہیں۔











