پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔ پولیٹیکل کمیٹی میں تمام معاملات پر مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ مؤخر کرنا پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راستے بند کرنے سے سیاسی جدوجہد ختم نہیں ہوگی اور پی ٹی آئی سیاسی و پرامن طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی کو اٹھایا جا رہا ہے اور صوبے کی سرحدوں پر راستے بند کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے خیبرپختونخوا کے معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے لیے نکلنے والے افراد کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے بعد بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رہے گا۔











