اسلام آباد: وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کوارڈینیٹر نیکٹا مقرر کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر کی گئی ہے۔
میجر جنرل فیصل نصیر نے 2022 میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پائی۔ انہوں نے پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور بعد ازاں ملٹری انٹیلی جنس سے وابستہ ہوگئے۔ ان کے کیریئر کا بڑا حصہ سکیورٹی اور انٹیلی جنس امور میں گزرا جبکہ بلوچستان اور کراچی میں انسداد دہشت گردی و امن و امان کے آپریشنز میں بھی اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
جولائی 2022 میں ترقی کے بعد انہیں آئی ایس آئی میں ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر انٹیلی جنس (ڈی جی سی) مقرر کیا گیا۔ عسکری خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغہ بسالت اور ہلال شجاعت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔











