لاہور: عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئے۔ مذاکرات کے دو دور بے نتیجہ رہنے کے بعد حکومت نے تیسرے دور کے لیے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو ہونے والے مذاکرات اب منگل تک مؤخر کردیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات منگل کو ہوں گے، جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو ہوگی۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔











