راولپنڈی:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج جاری رہے گا اور 20 ستمبر کو چاروں اطراف سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے نتیجے میں 5 آئی پی پیز بند ہوئے اور بجلی کی قیمت میں کمی ہوئی جو عوامی تحریک کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کا بوجھ عام شہری برداشت کررہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اشرافیہ کے بجائے غریب اور مظلوم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔











