اسلام آباد ۔ڈیرہ غازی خان میں دریائے سندھ کے کنارے ایک نایاب انڈس بلائنڈ ڈولفن مردہ پائی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈولفن کی لاش تھانہ شیرو جدید کی حدود میں آرائیں والا سپر کے قریب ملی۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران ڈولفن پانی کے بہاؤ کے ساتھ اس علاقے میں پہنچ گئی تھی تاہم پانی کم ہونے پر واپس دریا میں نہ جا سکی۔
مردہ ڈولفن کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جسم پر بظاہر زخم کے نشانات نہیں ملے اور موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگی۔
مقامی سماجی کارکنوں نے ڈولفن کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دریائی علاقوں میں نگرانی اور مؤثر ریسکیو نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔











