استنبول: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کی قیادت نے شرکت کی، معاہدے کو ادارہ جاتی شکل بنانے اور ایک سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق ہوا جس کا پہلا سربراہ تین سال کے لیے پاکستان سے ہوگا۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں منعقد ہوا جس میں پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کی سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
ترکیہ کی میزبانی میں اس اجلاس میں عالمی و علاقائی سلامتی کے امور اور تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے سمیت دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔











