ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور روحانی کیفیت کے ساتھ منایا جا رہا ہے ہر سو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور درود و سلام کی صداؤں نے سماں باندھ دیا ہے۔
یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پر لاہور میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے نمازِ فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی پیش کی اس موقع پر فوجی جوانوں کی جانب سے نعرہ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔
جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کی گلیاں، محلے، بازار اور شاہراہیں خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجادی گئی ہیں، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔











