لاہور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عہدہ رہے یا نہ رہے وہ نئے صوبوں کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اسلام آباد کو صوبہ بنانے کے سب سے بڑے حامی ہیں۔
قومی پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو 79 سال بعد بھی مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے اس لیے نظام کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو این ایف سی میں حصہ نہیں ملتا جبکہ شہر کا نظام سی ڈی اے اپنی زمینیں فروخت کرکے چلا رہا ہے۔ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو اسلام آباد کو بھی صوبے کا درجہ ملنا چاہیے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا فیصلہ کسی ایک حکومت یا سیاسی جماعت کی مرضی سے نہیں بلکہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق انتظامی تقسیم کا مقصد حکومتوں کی تعداد بڑھانا نہیں بلکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرکے حکمرانی بہتر بنانا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ نئے صوبے نسل یا برادری کی بنیاد پر نہیں بلکہ بہتر حکمرانی کے لیے بننے چاہئیں اور اس معاملے پر آئین کے مطابق سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے۔











