نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو گا، رانا ثناء اللہ

لاہور:نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا اور ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے آن دی ریکارڈ مشاورت ممکن نہیں تاہم آف دی ریکارڈ رابطے ہوسکتے ہیں۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ لانگ مارچ میں مسلح افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث عناصر بھی مارچ سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ غیرپرامن عناصر کو روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنے پر مسلم لیگ ن اپنا پالیسی مؤقف دے گی۔ عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا تاہم حتمی فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پیدا ہونے والی تلخی کم ہوگئی ہے اور معاملات بہتر انداز میں حل کرلیے جائیں گے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ امریکہ اور ایران کی جنگ ہے جبکہ پاکستان نے جنگ روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور غیرمتحرک عہدیداروں سمیت خالی نشستیں 30 روز میں پُر کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں