ریاض: یمن کے حوثی گروپ انصاراللہ کے سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں نے ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان سمیت مختلف علاقوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ سعودی فورس نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حوثیوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے البیضا اور الجوف صوبوں میں حکومتی فورسز اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں بھی شدت آگئی ہے۔ یمنی فورسز نے صنعا دوبارہ حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ کشیدگی کے باعث سعودی عرب اور یمن سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔











